اسلام آباد (رم نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آج سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم آفس کے مطابق، وفد جدہ میں سعودی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا، جس کا مقصد دوطرفہ معاشی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم کے دورے سے عین قبل وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو مزید 3 ارب ڈالرز کے نئے ڈپازٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جو آئندہ ہفتے موصول ہو جائیں گے۔
سعودی عرب کے پہلے سے موجود 5 ارب ڈالرز کے ڈپازٹس کو اب "سالانہ رول اوور" کے بجائے 2028 تک (3 سال کیلئے) توسیع دے دی گئی ہے۔اس اقدام سے پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے بڑی حد تک نجات مل جائے گی۔ دفاعی شعبے میں بھی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جاتے ہوئے سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ایک دستہ سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز فضائی اڈے پر پہنچ چکا ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی عکاس ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو سعودی وزیرِ خزانہ محمد بن عبد اللہ الجدعان نے اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کی تھی، جس کے فوراً بعد اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخی مذاکرات کا پہلا دور منعقد ہوا تھا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ شہباز شریف کا موجودہ دورہ ان مذاکرات کے دوسرے دور اور خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے مرکزی کردار کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔